ٹاؤن ون واقعہ: میونسپل اہلکار کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی، کامران بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے منگل کو ٹاون ون پشاور میں پیش آنے والے فائرنگ واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوسناک واقعہ رات کو باچا خان چوک میں غیر قانونی ریڑھی بانوں کے ساتھ پیش آیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ میونسپل اہلکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اسلحہ رکھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ دوران ڈیوٹی پہلے سے اسلحہ کی استعمال پر مکمل پابندی ہے۔ کیسے ایک میونسپل اہلکار نے فائرنگ کی،ملزم کے خلاف تادیبی کاروائی بھی کریں گے۔ تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔فائرنگ واقعہ پر مزید ریمارکس دیتے ہوئے کامران بنگش نے واضح کیا کہ متعلقہ شخص کے خلاف فقیرآباد تھانے میں ایف آئی آر بھی درج ہو چکی ہے کیونکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کرنے والے ریڑھی بانوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔معاون خصوصی کامران بنگش نے مزدوروں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مزدور دوست حکومت ہے اور ہم کسی بھی طور پر مزدور دشمن اقدامات کا ساتھ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ٹاون میونسپل آفیسر کو انکوائری رپورٹ جلد از جلد جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔