مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستانی باؤلرز سے ریورس سوئنگ کیوں نہیں ہوئی؟ عاقب جاوید نے وجہ بتا دی

مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستانی باؤلرز سے ریورس سوئنگ کیوں نہیں ہوئی؟ عاقب جاوید ...
مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستانی باؤلرز سے ریورس سوئنگ کیوں نہیں ہوئی؟ عاقب جاوید نے وجہ بتا دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ جب کوئی حربہ کارگر ثابت نہ ہو تو ریورس سوئنگ کام آتی ہے، پاکستان اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ اس لئے ہارا کہ کسی نے گیندکو اس مخصوص ڈیلیوری کیلئے تیار کرنے کی ذمہ داری نہیں اٹھائی۔ 

تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ابھی پختہ کار نہیں ہوئے جبکہ نسیم شاہ بھی نوجوان ہیں، دونوں نہیں جانتے کہ ریورس سوئنگ کیلئے گیند کیسے تیار کی جاتی ہے، محمد عباس اس حربے کا استعمال ہی نہیں کرتے، انگلینڈ کیلئے یہ کام جیمز اینڈرسن کرتے ہیں،اس ضمن میں سہیل خان کا تجربہ کام آ سکتا تھا لیکن ان کو ٹیم میں شامل نہ کرکے مینجمنٹ نے بہت بڑی غلطی کی، سینئر فاسٹ باﺅلر کو دوسرے ٹیسٹ میں نسیم شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کرنا چاہئے۔ 

سابق کرکٹر نے کہا کہ فہیم اشرف ٹیسٹ کرکٹ کیئے تیار نہیں، آل راﺅنڈر ٹاپ 7 بیٹسمینوں میں آتے ہیں اور نہ ہی ٹاپ 4 باﺅلرز میں، اس لئے شاداب خان کو صلاحیتوں کے اظہار کا مزید موقع دینا چاہیے، لیگ سپنر نے طویل فارمیٹ کی کرکٹ نہیں کھیلی، ان کی زیادہ توجہ بھی مرکوز نہیں رہی، بہرحال اب ایک ٹیسٹ میچ میں کھلایا ہے تو صلاحیتوں کے اظہار کا مزید موقع ملنا چاہیے۔

مزید :

کھیل -