مریم نواز کی نیب پیشی پر جو کچھ ہوا وہ سب۔۔۔۔پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے تہلکہ خیز بیان جاری کردیا

مریم نواز کی نیب پیشی پر جو کچھ ہوا وہ سب۔۔۔۔پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید ...
مریم نواز کی نیب پیشی پر جو کچھ ہوا وہ سب۔۔۔۔پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے تہلکہ خیز بیان جاری کردیا

  

 سکھر(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نیب پیشی پر جو کچھ ہوا وہ سب پری پلان تھا، ہم نے تو ایک گاڑی میں پتھر بھی دیکھے اور سرکاری فائلیں بھی ،مریم نواز ڈیڑھ گھنٹے تک کھڑی رہیں، اگر انہیں اسی وقت جانے دیا جاتا تو یہ نہ ہوتا ،سب کچھ پری پلان نظر آرہا ہے، تین کلومیٹر سے راستے تک بند کیے گئے تھے۔

سکھر میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسید خورشید شاہ نے کہا کہ میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ اس حکومت کو معیشت زبردست ملی تھی مگر اس حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، 13 ارب ڈالر کا قرضہ جو دو سال میں لیا گیا ہے ملکی تاریخ میں کسی حکومت نے نہیں لیا، یہ کہہ رہے ہیں کہ پرانہ قرضہ اتارنے کے لیے انہوں نے نیا قرضہ لیا ہے تو یہ بتائیں کہ پرانا قرضہ کتنا کم ہوا ہے؟ گندم، چینی، پیٹرول،سونے اور ڈالر کے بحران کس کے دور میں آئے؟ ہم نے تو گندم کی امپورٹ کو روکا تھا ،انہوں نے تو ایکسپورٹ کی اور اب امپورٹ کرکے گندم منگوا رہے ہیں، گندم چینی پر سبسڈی دی ہے تو بتائیں کس کو دی ہے؟ نواز شریف اور آصف زرداری کی تو شوگر ملیں بند ہیں تو پھر کس کی شوگر ملوں کو سبسڈی دی گئی ہے؟ اس حکومت میں کمیشن بہت بنے ہیں مگر رزلٹ ایک کا بھی نہیں آیا، اس حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ مل جائیں، اب اے پی سی بھی ہوگی اور فیصلے بھی ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے خلاف مقدمات سیاسی ہیں جس طرح میرے خلاف بنائے گئے ہیں، ہرچیز انہوں نے چھان ماری ہے مگر کچھ نہیں ملا، میں اللہ اور عوام کے سامنے سرخرو ہوں، میں نے خدمت عبادت کی طرح کی ہے، میں خلق خدا کا فیصلہ اللہ کا فیصلہ سمجھتا ہوں، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے لیکن یہ لوگ پیچھے مڑ کر تک نہیں دیکھتے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان کا نہیں قائد اعظم کا پاکستان چاہیے کیونکہ قائد اعظم کا پاکستان قائم رہے گا ،عمران خان کا نہیں، یہ شہیدوں کا پاکستان ہے، قربانیاں دینے والوں کا پاکستان ہے، ہمیں اس کی حفاظت کرنا اور کشمیر کے مسئلے پر اب جارحانہ انداز اپنانا ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -سکھر -