”آپ نہیں بلکہ میں آپ کا کپتان تھا، آپ پتہ نہیں اب کیا بن گئے ہیں“ جاوید میانداد نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا

”آپ نہیں بلکہ میں آپ کا کپتان تھا، آپ پتہ نہیں اب کیا بن گئے ہیں“ جاوید ...
”آپ نہیں بلکہ میں آپ کا کپتان تھا، آپ پتہ نہیں اب کیا بن گئے ہیں“ جاوید میانداد نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے وزیراعظم عمران خان کو متنبہ کیا ہے کہ میں آپ کاکپتان تھا، آپ میرے کپتان نہیں تھے، میں سیاست میں آﺅں گا اور بتاﺅں گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے، اب میں سیاست پربھی بات کروں گا، صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہوں گا،کرکٹ میں عمران خان کو چلانے والا میں تھا، میں نے عمران کو وزیراعظم بنوایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق جاوید میانداد نے کہا کہ اللہ معاف کرے آپ پتہ نہیں کیا بن گئے ہیں۔ لگ رہا ہے آپ خدا بنے بیٹھے ہو، آپ کے علاوہ کوئی پاکستانی آکسفورڈ اور کیمرج گیا ہی نہیں ہے، جن لوگوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں لائے ہیں ان کے بارے میں سوچو کہ کون کھاتا ہے اور کون نہیں،عمران خان کو ملک کا خیال ہی نہیں ہے۔
انہوں نے احسان مانی کا نام لئے بغیر کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ اس نے آپ کی کیا مدد کی تھی، آپ میرے گھر آ کر وزیر اعظم بن کر گئے تھے، وزیر اعظم اس کی تردید کرکے دکھائیں، میرے دوست اب مجھے طعنے دیتے ہیں۔ مجھے آپ سے ملنے کی ضرورت ہے اور نہ آپ کے پاس آنے کی ضرورت ہے۔
جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ میں سب کو کہتا ہوں کہ پاکستانی بن کر رہو، سرفراز احمد کے ساتھ سلوک درست نہیں ہے، کراچی اور لاہور کی کرکٹ میں دوبارہ باتیں ہورہی ہیں یہ نقصان دے چیز ہے، میں پاکستان آرمی کا شکر گزار ہوں جس نے ملک کو متحد رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان روز گار دے نہیں سکتے اور کھلاڑیوں کو بے روز گار کردیا ہے جو مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ پاکستان میں عظیم کرکٹرز اور قابل کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز موجود ہیں پھر بیرون ملک سے لوگوں کو پاکستان لاکر کرکٹ چلانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پی سی بی میں جاہل لوگ بیٹھے ہیں جنہیں کرکٹ کا پتہ نہیں ہے، ایسے لوگوں کو کرکٹ کی الف ب کا پتہ نہیں ہے، جو ملک کے لئے غلط کریں گے میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔

مزید :

کھیل -