ممنوعہ فنڈنگ کیس، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل انکوائری کیخلاف عدالت پہنچ گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق انکوائری پر عدالت سے رجوع کرلیا،پی ٹی آئی رہنما نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کیس بدنیتی کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز " کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل اور سیما ضیاء نے ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق انکوائری پر سندھ ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی ہیں ،جن میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ آف انکوائری ٹیم کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ جن 3بینک اکاؤنٹس کی بنیاد پر انکوائری کی جارہی ہے وہ بند ہیں، ہمارے خلاف بدنیتی کی بناء پر غیر قانونی انکوائری شروع کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ ایف آئی اے کی جانب سے جاری کال اپ نوٹس کالعدم قرار دیا جائے اور انکوائری معطل کرکے درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو کوئی آرڈر جاری کرنے سے روکا جائے۔