متحدہ عرب امارات نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پروگرام شروع کر دیا

متحدہ عرب امارات نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پروگرام شروع کر ...
متحدہ عرب امارات نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پروگرام شروع کر دیا

  

  اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر)متحدہ عرب امارات نے موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے متاثر بلوچستان کے لوگوں کو خوراک اور رہائش فراہم کرنے کے لیے امدادی پروگرام شروع کیا ہے۔ یہ پروگرام امارات ہلال احمر کے چیئرمین شیخ حمدان بن زید النہیان کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔ پروگرام کا پہلا مرحلہ سیلاب سے سب سے زیادہ تباہ ہونے والے علاقوں کو امداد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے، جیسے لسبیلہ اور جھل مگسی کے اضلاع۔ دوسرے مرحلے میں، اتھارٹی صوبے کے دیگر علاقوں میں امدادی قافلے بھیجے گی تاکہ ان کے رہائشیوں کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے۔

دوسری جانب  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کی جانب سے اب تک 40ہزار سے زائد افراد کیلئے خوراک (راشن پیکس)کی فراہمی کی جاچکی ہے۔ اسکے علاوہ 60ہزار متاثرین کی رہائش کیلئے خیمے، مچھر دانیاں اور کمبل مہیا کیے جاچکے ہیں جبکہ نکاسیٔ آب کیلئے117ڈی واٹرنگ پمپس مہیا کئے گئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ امداد بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کیلئے دی گئی ہے۔ ہنگامی امداد میں بلوچستان میں سیلاب متاثرین کیلئے 60ہزار لیٹر پینے کا  پانی بھی مہیا کیا گیا ہے جبکہ دیگر امدادی سامان میں کچن سیٹ، حفظانِ صحت کٹس اور کیمیکل سپرے مشینز بھی شامل ہے۔

مزید :

اہم خبریں -علاقائی -بلوچستان -