صدر مملکت اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز  پراجیکٹ کا دورہ، مختلف حصوں کا جائزہ لیا

صدر مملکت اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز  ...
صدر مملکت اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز  پراجیکٹ کا دورہ، مختلف حصوں کا جائزہ لیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی  کے ہمراہ جوبلی ٹاؤن میں فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز پراجیکٹ کا دورہ کیا اور  زیر تکمیل پراجیکٹ کے مختلف حصے دیکھے۔

دورے کے دوران  صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسٹیٹیوٹ کے پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا ، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے  فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی جبکہ  فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسزکو ڈینٹل یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ  اس منصوبے کی 2005 میں میرے سابق دور میں منظوری دی گئی ، بدقسمتی سے ن لیگ کی حکومت نے منصوبے پر کوئی نمایاں پیش رفت نہیں کی،  میرے دور کے شروع کئے گئے دیگر عوامی منصوبوں کی طرح اس پراجیکٹ کو بھی سیاسی عناد کی بھینٹ چڑھایا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ 17 سال گزر گئے لیکن منصوبہ فنکشنل نہیں ہو سکا، ایسا کرنا عوام کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے، صحت عامہ کے منصوبوں کو بروقت مکمل نہ کرنا مجرمانہ غفلت ہے، اگر یہ منصوبہ وقت پر مکمل کر لیا جاتا تو اس کی لاگت میں اضافہ نہ ہوتا اور عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں مل رہی ہوتیں، اللہ تعالیٰ نے مجھے جب بھی عوام کی خدمت کا موقع دیا، صحت عامہ کے شعبہ کو اولین ترجیح دی۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو اور نیسپاک کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے،  فاطمہ جناح ڈینٹل یونیورسٹی کے پراجیکٹ کی تکمیل سے عوام کو جدید علاج کی سہولتیں میسر آئیں گی، عوام کو ان دہلیز تک علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے۔

صوبائی سیکرٹری صحت نے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ، اس موقع پر  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری صحت، محکمہ تعمیرات و مواصلات اور نیسپاک کے اعلیٰ حکام بھی  موجود تھے ۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -لاہور -