جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، گلیاں، بازار قومی پر چم، جھنڈیوں سے سج گئے
لاہور(حسن عباس زیدی،تصاویر ندیم احمد) 14 اگست یوم آزادی قریب آتے ہی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پرپہنچ چکی ہیں تفصیلات کے مطابق 14اگست کو بھرپور اور شایان شان طریقے سے منانے کیلئے لاہورمیں سڑکوں،گلیوں کے کناروں اور دکانوں کے باہر سبز وسفید رنگوں پر مشتمل قومی پرچم اور جھنڈیوں سمیت مختلف چیزوں کے سٹالز سجا دیئے گئے بچوں اور بڑوں کی طرف سے قومی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز، چاند ستارے والے کپڑوں کی خریداری کا سلسلہ جا ری ہے۔ سرکاری غیر سرکاری عمارات سمیت گھروں، تجارتی مراکز پر جشن آزادی کی خوشی میں قومی پرچم لہرائے جارہے ہیں اور چراغاں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔لاہور کی مختلف سڑکوں اور تجارتی مراکز میں سبز ہلالی پرچموں کے سٹالز ماحول کو چار چاند لگا رہے ہیں جبکہ گلیوں و محلوں میں سبز ہلالی پرچم، رنگ برنگی جھنڈیوں، ملی نغموں پر مشتمل بینرز، بیجز اور سٹکرز کے سٹال بھی لگنا شروع ہوگئے ہیں۔ دکانوں پر قائداعظم محمد علی جناحؒ، علامہ محمد اقبال ؒکی خوبصورت تصاویر لگائی گئی ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سمیت پرائیویٹ گاڑیوں پر بھی سبز ہلالی پرچم لہرائے جانے کا سلسلہ بھی شرو ع ہوگیا ہے درمیانے سائز کا قومی پرچم ایک ہزار پندرہ سو روپے جبکہ اچھے کپڑے اور موتی ستاروں سے چاند تارا بنا ہوا پرچم چار ہزار اور درمیانے سائز کا پرچم دو ہزار تک دیا جا رہا ہے، اسی طرح سینے پر لگانے کیلئے میٹل کا چھوٹا پرچم 40تا 70روپے ٹوپی 100سے 400روپے سبز ہلالی پرچم پر مبنی مردانہ شرٹس 500سے 1000روپے تک فروخت کی جا رہی ہیں۔ لاہورشہر رنگ برنگی جھنڈیوں سے سج گیا ہے،اس دوران بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین خریداری میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔ خواتین کی جانب سے زیادہ رش دکھائی دیتا ہے، جو بچوں کیلئے قومی پرچم سے مزین سوٹس اور بیجز، ٹوپیاں اور پرس خرید رہی ہوتی ہیں۔اردو بازارمیں درجنوں سٹالز لگ گئے ہیں، اردو بازار میں جشن آزادی کی رونقیں قابل دید ہیں جبکہ شہریوں رش بھی دیکھنے میں نظر آرہا ہے دکاندار کا کہنا تھا کہ لوگ جوش و جذبے سے پرچم تیار کروانے آتے ہیں شہر کا تاریخی بازار انارکلی سبز ہلالی جھنڈیوں سے سج گیا ادھر دوسری چیزوں کے تاجروں نے بھی وقتی طور یوم آزادی سے متعلقہ سجاوٹی چیزوں کا کاروبار شروع کردیا ہے۔قومی پرچم کے بنے بچوں، بچیوں کے لباس بھی مارکیٹ میں آگئے ہیں تاجروں کے مطابق گزشتہ برس کی نسبت ا س سال ان اشیا ء کی خریداری کا رحجان کم ہے البتہ 14اگست قریب آتے آتے اس میں اضافہ متوقع ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار بھرپور طریقہ سے جشن آزادی منائیں گے اور ملک سے محبت کا اظہار کریں گے۔
جشن آزادی تیاریاں