حکومت پسماندہ علاقوں کو فنڈز فراہم کرے، ہمایوں اختر

    حکومت پسماندہ علاقوں کو فنڈز فراہم کرے، ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت پسماندگی اور سہولیات کی عدم فراہمی کے لحاظ سے اضلاع اور تحصیلوں کی کیٹگریز بنائے اور اس کے مطابق فنڈز کی فراہمی میں ترجیح دی جائے، وفاقی اور صوبائی حکومت مختلف اسکیموں اور آسان قرضوں کے ذریعے کسانوں اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرے جس سے معیشت کو بھی تحرک ملے گا۔

 تاندلیانوالہ، ماموں کانجن اورکنجوانی سمیت دیگر علاقوں میں پینے کے صاف پانی اور سیوریج کے مسائل انتہائی گھمبیر صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97کے دورہ کے موقع پر اہل علاقہ سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقے کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اس حلقے کی حالت انتہائی ابتر ہے، یہاں کے رہائشی صحت، تعلیم اورپینے کے صاف پانی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں،روزگار کے حصول کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ہم بر ملا کہتے ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن کی تفریق کے بغیر عوام کی فلاح و بہبود کو پیش نظر رکھ کر اقدامات اٹھائیں جائیں تاکہ عوام دہائیوں کی محرومیوں سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ اس علاقے کے مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کریں گے اور ان کے حل کیلئے جو بھی ممکن ہوسکا اس کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ ہمایوں اختر خان نے حلقے کے دورے کے دوران انتقال کر جانے والوں کے عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔