ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں، سیلابی ریلے میں بہہ کر خاتون، بچہ جاں بحق 

    ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں، سیلابی ریلے میں بہہ کر خاتون، بچہ جاں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        استور، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی (این این آئی)گلگت بلتستان کے ضلع استور میں موسلاد ھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال،استور کے علاقہ کشمت میں سیلابی ریلے میں بہہ کر خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے۔سیلابی ریلے سے کئی مکانات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ متعدد علاقوں کازمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں متعدد مقامات پر بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے بارش کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی معطل رہی۔ موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ پر پروازوں کو لینڈنگ میں دشواری ہوتی رہی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 3 غیر ملکی پروازوں کو اسلام آباد اترنے کیلئے ایک گھنٹے سے زائد چکر کاٹنے پڑے۔نجی ایئر لائن کی مسقط کی پرواز پی ایف 735 کو پشاور اتارا گیا جبکہ ریاض اور ابوظہبی سے پہنچی پروازوں کو ایک گھنٹہ انتظار کے بعد اتارا گیا۔موسم کی خرابی سے صبح 3 سے 5 بجے تک اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈنگ میں مشکلات کا سامنا رہا اور پروازوں کو اسلام آباد سے روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔دوسری جانب این ڈی ایم اے نے اگلے 2 روز تک ملک کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں اور گلیشئیر پھٹنے کے باعث سیلاب کی وارننگ جاری کردی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاری کی گئی ایڈوائزری میں این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشئیر پھٹنے کا امکان موجود ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے چند علاقوں میں سیلابی صورتحال، گلیشئیر پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ 12 اگست تک دیر، سوات، کوہستان، استور، گلگت، اسکردو، غانچی اور شگار میں موسمی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔غذر کی کرم بار جھیل اور بدسوات جھیل، بگروٹ ویلی کی ہنارچی جھیل، اپر چترال کی چناتر اور ریشون جھیلوں میں گلیشئیر پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہیں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ملکہ کوہسار مری آنیوالے سیاحوں کیلئے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی۔ چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ نے ڈی ایس پی ٹریفک مری ابرار سرور اور مری ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک افسران و اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک افسران و اہلکاران ایمانداری سے ٹریفک ڈیوٹی سر انجام دیں، ڈی ایس پی ٹریفک مری اور دیگر افسران خود فیلڈ میں رہ کر سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں  ایس او پی کے مطابق مری میں داخل ہونے کیلئے ڈرائیونگ لائسنس، پبلک سروس گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ اور بڑی گاڑیوں کے داخلے کیلئے صوبائی گورنمنٹ کی ایس او پی پر سختی سے عمل دارآمد کروایا جائے سیاح مری آنے کیلئے مکمل طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں، دوران ڈرائیونگ ون وے کی خلاف ورزی اور غلط اوور ٹیکنگ نہ کریں،  شاہراؤں پر کھڑے ٹریفک و ضلعی پولیس اہلکاروں کیساتھ تعاون کریں۔

بارشیں