محکمہ ایکسائز سندھ کاپراپرٹی ٹیکس ریکارڈ با ضابطہ طورپر بلدیاتی اداروں کے حوالے
کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے اپنا پراپرٹی ٹیکس ریکارڈ باضابطہ طور پر بلدیاتی اداروں کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے پہلے مرحلے میں کراچی کے تمام ڈویژنز کے پراپرٹی ٹیکس کا ریکارڈ بلدیاتی اداروں کے حوالے کیا گیا ہے۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں حیدرآباد کے 9 اضلاع کے پراپرٹی ٹیکس کا رکارڈ بلدیاتی اداروں کے حوالے کرنے کا کام جاری ہے، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژنز کا رکارڈ بھی مرحلہ وار بلدیاتی اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔ایکسائز سیکرٹری محمد سلیم راجپوت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پراپرٹی ٹیکس ملازمین اب فیلڈ سرگرمیوں میں معاون کریں گے، ملازمین موٹروہیکل ٹیکس کے معائنے، انسداد منشیات کریک ڈاون میں معاونت کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تنظیم نو کے حصے کے طور پر تیئس ڈویژنوں کا نام بدل کر ریجنز اور ٹاونز رکھا گیا، ان کی افرادی قوت تین ماہ تک بلدیاتی اداروں کی معاونت کرے گی۔صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہاکہ تنظیم نو سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا، بہت جلد موٹروہیکل ٹیکس وصولی، منشیات کیخلاف پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا، کراچی کے کونے کونے میں منشیات کیخلاف کارروائیوں میں تیزی آئے گی۔