ارشد ندیم کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر، سینئر افسران

    ارشد ندیم کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر، سینئر افسران

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خانیوال(نمائندہ خصوصی)خانیوال پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فخر پاکستان گولڈ میڈلسٹ کا خانیوال تحصیل میاں چنوں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا جہاں سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر، ڈی پی او اسماعیل کھاڑک اور ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری  نے ارشد ندیم کا اقبال نگر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا اور مبارکباد دیتے ہوئے گلدستے پیش کیے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالستار خان، ڈی ایس پی میاں چنوں محمد سلیم خان، ڈی ایس پی ٹریفک مہر افضل مہار، پی آر او چوہدری عمران، موٹروے پولیس کے افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔(بقیہ نمبر21صفحہ7پر)

 سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک گیمز کے جیولن تھرو ایونٹ میں ضلع خانیوال کے سپوت ارشد ندیم  نے 92.97 میٹر تھرو کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا اور گولڈ میڈل حاصل کر کے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ضلع خانیوال کا نام روشن کیا، میں اور میری ٹیم انہیں شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتی ہے، ارشد ندیم جیسے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ڈی پی او اسماعیل کھاڑک  نے کہا کہ ارشد ندیم  نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی یہ کامیابی آپ کی کمٹمنٹ اور مثالی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے یقینا آپ کی کامیابی پوری پاکستانی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری  نے کہا کہ میاں چنوں کے شہزادے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے جیولن ایونٹ میں 92.97 میٹر کی ناقابل تسخیر تھرو کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ بنا کر سبھی کے دل جیت لیے،پوری پاکستانی قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے۔بعدازاں قومی ہیرو ارشد ندیم پولیس پروٹوکول اورحفاظتی انتظامات کے ساتھ آبائی گھر پہنچے۔