لاپتہ 4 بھائی ایک ہفتے میں بازیاب نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ کو طلب کریں گے: پشاور ہائیکورٹ
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن )ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ لاپتہ 4 بھائیوں کو ایک ہفتے میں بازیاب نہ کرایا گیا تو وزیراعلیٰ کو طلب کریں گے۔
حیات آباد سے لاپتہ 4 بھائیوں کی بازیابی کے لئے درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس اعجاز انور کے روبرو ہوئی، جس میں درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرا کے پیش کریں۔
وکیل نادر شاہ ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا کہ پولیس اپنی ڈیوٹی میں ناکام ہو گئی ہے۔ آئی جی پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ پولیس کہہ رہی ہے کہ ہمیں پتا نہیں ہے کہ کس نے اٹھایا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں تو جو گاڑیاں نظر آرہی ہیں وہ پولیس کی ہیں۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے ہم مطمئن نہیں ہیں۔جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے کہ ایک ہفتے کا ٹائم دیتے ہیں، آئندہ سماعت تک ان افراد کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کریں۔ آئندہ سماعت پر لاپتہ افراد کو پیش نہ کیا تو پھر ہم وزیراعلیٰ کو طلب کریں گے۔
بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔