سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کے روبرو کیس کی سماعت ہوئی، جس میں پولیس کی جانب سے علی وزیر کے 15 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم عدالت نے انہیں مزید 5 روز کے لئے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔واضح رہے کہ علی وزیر کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔دریں اثنا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں علی وزیر کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ڈیوٹی ایڈیشنل اینڈ سیشن جج محمد سہیل شیخ نے کی، جس میں علی وزیر کی جانب سے وکیل عطا اللہ کنڈی پیش ہوئے تاہم کیس کا تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
عدالت نے پولیس ریکارڈ کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی ۔ عدالت نے کیس کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 اگست کو مقرر کی ہے۔

مزید :

جرم و انصاف -