بہاوالدین زکریا یونیورسٹی کے مزید چار ہرن چوری ، بائیوپارک ویران ہوگیا
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) بہاوالدین زکریایونیورسٹی میں سے ہرنوں کی چوری نہ رک سکی اور باقی بچ جانیوالے چار ہرن بھی منگل کی رات کو چوری کرلیے گئے ہیں ۔مقامی میڈیا کے مطابق یونیورسٹی کے بائیو پارک میں موجود باقی چار ہرن چوری ہوگئے ہیں۔یونیورسٹی کے ریزنڈنٹ آفیسر ڈاکٹر امان اللہ کے مطابق بائیو پارک میں کل آٹھ ہرن تھے جن میں سے چارہرن چند روز قبل چوری ہو گئے تھے جس کی درخواست تھانہ الپہ میں دی تھی اورابھی پہلے ہرنوں کی چوری کا معاملہ حل نہیں ہوا تھا کہ باقی چار ہرن بھی چوری ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ پانچ سال قبل لال سونہاراانتظامیہ نے دو ہرن زکریا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کو بائیو پارک میں رکھنے کے لئے بطور تحفہ دئیے تھے جن کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی تھی اور موجودہ انتظامیہ کے دورمیں ایک بھی باقی نہیں رہا۔