مسلمانوں کو متحد ہوکر کفار کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا: حافظ سعید
لاہور(نمائندہ خصوصی )امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو متحد ہو کر کفار کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا،سشما سوراج کے دورہ پاکستان کے دوران بلوچستان و ملک کے دیگر حصوں میں بھارتی مداخلت کا مسئلہ بھی اٹھانا چاہیے تھا۔جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ پہلے کمپوزٹ اور اب کمپری ہینسو ڈائیلاگ کی باتیں دھوکہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستانی حکمرانوں پر بھارت سے مذاکرات اور اسے مطمئن کرنے کیلئے دباؤ بڑھا رہا ہے جبکہ بھارت کشمیری و ہندوستانی مسلمانوں کا قتل اور ظلم و تشدد چھپانے کیلئے مذاکرات کی باتیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ناراضگی کے ڈر سے مشترکہ اعلامیہ میں سمجھوتہ ایکسپریس کا ذکرنہیں کیا گیا،دوسری جانب آٹھ لاکھ بھارتی فوج کشمیرمیں جو چاہے کرے اسے قتل و غارت گری کا حق حاصل ہے۔ اسی طرح اتحادی ممالک ہزاروں میل دور سے آکر مسلمانوں کا خون بہائیں تو وہ امن پسندہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات ہوں تو بات صرف دہشت گردی پر کی جاتی ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ اتحادی ممالک نے عراق و افغانستان میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل کیا اوربے گناہ مسلمانوں پر آتش و آہن کی بارش کی ۔ امریکہ کے ساتھ مل کر صلیبی جنگیں بھڑکانے والا ٹونی بلیئراعلانیہ طور پر کہتا ہے کہ عراق پر حملہ ہماری غلطی تھی اوراسی کے نتیجہ میں داعش وجود میں آئی لیکن اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سمیت کوئی ادارہ اور ملک برطانوی وزیر اعظم سے بازپرس کرنے والا نہیں کہ اگر آپ کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں تو پھر وہاں لاکھوں مسلمانوں کا خون کیوں بہایا گیا؟انہوں نے کہاکہ اللہ کے دشمنوں کو آج خوف اس بات کا ہے کہ مسلمان اپنے قدموں پر کھڑے ہو رہے ہیں اور ان میں اتحادویکجہتی کا ماحول پید ا ہو رہا ہے۔اس لئے وہ مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کرنا چاہتے ہیں۔ہمیں متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
