کشمیر، فلسطین اور شام میں مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کیخلاف مظاہرہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کے جی پی او چوک میں الامہ لائرز فورم ، حرمت رسول لائرز موومنٹ اورتحریک آزادئ کشمیر کی جانب سے کشمیر ، فلسطین اور شام میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف زبر دست مظاہرہ ۔مظاہرہ میں وکلاء،سول سوسائٹی کے نمائندے اور شہری شریک ہوئے ۔شرکاء نے اس موقع پردنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور اس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی خاموشی کے خلاف زبر دست نعرے بازی کی۔ مظاہرہ سے الامُہ لائرز فورم کے صدر جمیل فیضی،تحریک آزادئ کشمیر کے مرکزی رہنماعلی عمران شاہین، حرمت رسول ؐ لائرز موومنٹ کے صدرراؤ طاہر شکیل کے علاوہ ممتاز وکلاء عبدالسمیع خواجہ ،سید اطہر محمد ایڈووکیٹ آف گوجوانوالہ،چوہدری عبدالرؤف و دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد فیضی ایڈوکیٹ نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ہر لحاظ سے امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے جس سے تہذیبوں کے تصادم کا خطرہ ہے۔مغربی طاقتیں اور عالمی ادارے اگر مسلمانوں کو برابر انسانی حقوق نہیں دیں گے تودنیا میں کبھی امن نہیں ہو سکے گا۔علی عمران شاہین نے کہا کہ کشمیر،فلسطین،برما،فلپائن،وسطی افریقہ ،شام،بھارت سمیت ہر جگہ صرف مسلمانوں کیخون کی ندیاں بہہ رہی ہیں۔امریکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو جرم بے گناہی میں 84سال قید کی سزا دے رہا ہے جس کی وجہ صرف مسلمان ہونا ہے۔شام کا پورا ملک تباہ ہو گیا لیکن سب خاموش ہیں کیونکہ مرنے والے مسلمان ہیں۔اگر یہ دوہرا معیار ختم نہ ہوا تو دنیا کا امن تہ و بالا ہو جائے گا۔راؤ طاہر شکیل نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ایک طویل عرصہ سے جاری ہے اور عالمی ادارے اس میں برابر کے مجرم ہیں ۔اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی بات کیوں نہیں کرتی۔دیگر مقررین نے کہاکہ عالمی طاقتیں جب تک دوغلی پالیساں ترک نہیں کرتیں،دنیا میں امن کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔اقوام متحدہ فوری طور پر کشمیر میں استصواب رائے کا اپنا فیصلہ نافذ کرائے۔ مسلمانوں کو سب کے برابر انسانی حقوق دیئے جائیں۔
