شام کے مقبوضہ شہر رقہ میں داعش کے جعلی پاسپورٹ دفترکا انکشاف
واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) شام کے مقبوضہ شہر رقہ میں داعش کے جعلی پاسپورٹ آفس کا انکشاف ہوا ہے جہاں ان کے پاس پاسپورٹ چھاپنے والی مشینیں ہوسکتی ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس حکام نے یہ اطلاع دیتے ہوئے وارننگ جاری کی ہے کہ سب ممالک کو احتیاط برتنی چاہئے کیونکہ داعش اپنے دہشت گردوں کو جعلی دستاویزات پر پرتشدد کارروائیاں کرنے کیلئے باہر بھیج سکتا ہے۔ حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ممکن ہے کہ داعش پلے سے ہی ایسا کر رہا ہو اور کچھ دہشت گرد امریکہ یا یورپی ممالک میں داخل ہوچکے ہوں۔ انٹیلی جنس حکام کا خیال ہے کہ داعش شامی حکومت کے اصلی نظر آنے والے پاسپورٹ تیار کر رہی ہے۔ یہ جعلی پاسپورٹ آفس رقہ کے علاوہ ایک ا ور شہر میں بھی موجود ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے اپنی شہادت میں اعتراف کیا ہے کہ شامی حکومت کے ان جعلی پاسپورٹوں پر دہشت گردوں کے امریکہ میں داخلے پر انہیں سخت تشویش ہے۔ ڈائریکٹر نے انکشاف کیا کہ پیرس حملے میں ملوث دو حملہ آوروں کے پاس شام کے ایسے ہی جعلی پاسپورٹ تھے۔
