متعددوارداتوں میں ملوث گوگاچورگینگ کا سرغنہ 3ساتھیوں سمیت گرفتار
لا ہور (خبر نگا ر )سی آئی اے پولیس نے شہرکے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتیں کرنے والے منظم گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے نقدی ، کار اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ٹیم نے دن رات کی محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کے ذریع ملنے والی معلومات کی روشنی میں مختلف مقامات پر ریڈ کر کے گوگا چور گینگ کے سرغنہ زبیر عرف گوگا اور اس کے 3 ساتھیوں اعجاز ، محمد عمران اور محمدامجد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 6 لاکھ روپے نقد ، ہنڈا سٹی کار اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ ملزمان کے 3 ساتھی رفیق عرف فیقا ، انور عرف مولوی اور عمران مکھن تاحال مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں روانہ ہیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جو کئی بار چوری کی وارداتوں میں جیل میں جا چکے ہیں لیکن جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گینگ بنا کر وارداتیں شروع کر دیتے ہیں ۔ ملزمان نے دوران تفتیش تھانہ شفیق آباد ، گلشن راوی ، شاہدرہ، ساندہ ، راوی روڈ، شادباغ اور اسلام پورہ کے علاقوں میں 12 مزید وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے گوگا گینگ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیاہے۔
