پنجاب یونیورسٹی،دوطلباتنظیموں میں کشیدگی برقرار،تصادم میں 4زخمی
لا ہور (خبر نگا ر )پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 طلبہ زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے 11 کو حراست میں لے لیا۔تفصیلا ت کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان طالبات سے بات کرنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ اس دوران دونوں تنظیموں کی جانب سے ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا ،جس کے نتیجے میں 4 طلبہ زخمی ہوگئے۔یونیورسٹی میں صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث پولیس نے موقع پر پہنچ کر طلبہ پر لاٹھی چارج کیا اور 11طلبا کوحراست میں لے لیا۔طلبا کو حرا ست میں لینے کے بعد طالب علم کارکنوں نے احتجاج کیا اور کیمپس چوک پر ٹریفک روک دی۔ دریں اثناء طلبہ تنظیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے ہاسٹل پر قبضے کی بھی کوشش کی گئی اور لاٹھیوں سے ہاسٹل کے کمروں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔ پولیس کے مطابق یونیورسٹی میں حالات گزشتہ ایک دو روز سے کشیدہ ہیں اور ایک بار پھر کچھ طلبہ نے شرپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کوہراساں کرنے کی کوشش کی اور یونیورسٹی ہاسٹل میں جاکر توڑ پھوڑ کی ،جس پر اب تک 11 طلبہ کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دوروز سے پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے تصادم کے باعث تعلیمی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں جب کہ صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث طلبہ و طالبات میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ دوسری طرف طلبا تنظیم کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے کیمپس چوک پر ٹریفک روک دی جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح مفلوج ہوگیا ۔ بعدزا ں اعلیٰ پو لیس حکا م کی زمہ دا رو ں کے خلا ف یقین د ہا نی پر مظا ہرہ ختم کردیا گیا ۔
