دہشتگردپھرسرگرم ، کوئٹہ میں دھماکہ ، پشاورمیں فائرنگ، ایک اہلکار شہید، بچے سمیت پانچ سیکیورٹی افسران زخمی

کوئٹہ ،پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) جوائنٹ روڈ پرسیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے سے ایک اہلکار شہید جبکہ بچے سمیت چار سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ فقیرآباد میں نامعلوم افراد نے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی جانزادہ خان کونشانہ بنادیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب نصب کیے گئے بارودی مواد کوریموٹ کنٹرول سے اڑادیاگیا جس کی زد میں آکر ایک بچہ اور چار سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیاجہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔بی ڈی ایس کے مطابق دھماکے میں پانچ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیاگیاتھا، جیسے ہی سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچے تو دھماکہ ہوگیاجس کی زدمیں سکول جانیوالا بچہ بھی آگیا۔
دوسری طرف پشاور میں فقیر آباد کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی جانزادہ خان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے ، زخمی حالت میں ڈی ایس پی کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔