تاشفین ملک سے مبینہ تعلق کی خبر پر مولا نا عبدالعزیز کا نجی ٹی وی کو نوٹس
اسلام آباد (آئی این پی) لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز نے کیلی فورنیا واقعہ میں مبینہ طورپر ملوث تاشفین ملک کا تعلق لال مسجد اور ان سے جوڑنے پر نجی ٹی وی چینل اے آروائے نیوز کے مالک سلمان اقبال کو دس کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے ۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تاشفین ملک کا تعلق بے بنیاد طور پر لال مسجد سے جوڑنے سے نہ صرف پاکستان کی عالمی سطح پر بدنامی ہوئی بلکہ امریکہ میں مقیم مسلمانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ طارق اسد ایڈووکیٹ نے قانونی نوٹس میں کہا کہ تاشفین ملک کی مولانا عبدالعزیز کے ساتھ تصاویر کی موجودگی کا دعویٰ کرکے لال مسجد اور مولانا عبدالعزیز کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
