اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت دینے پر نواز شریف کے شکرگزار ہیں: حاصل بزنجو، نئے وزیراعلیٰ کیلئے کسی قسم کی مشکلات پیدا نہیں کریں گے: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت دینے پر نواز شریف کے شکرگزار ہیں: حاصل بزنجو، ...
اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت دینے پر نواز شریف کے شکرگزار ہیں: حاصل بزنجو، نئے وزیراعلیٰ کیلئے کسی قسم کی مشکلات پیدا نہیں کریں گے: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ مری معاہدے کے تحت آج وزارت اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں اور اکثریت نہ ہونے کے باوجود ڈھائی سال حکومت کا موقع دینے پر وزیراعظم نواز شریف کے شکرگزار ہیں۔ آج وزارت اعلیٰ سے استعفے کافیصلہ کیا تھا لیکن وزیراعظم نواز شریف کی واپسی تک انتظار کرنے کو کہا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ طاقت کیساتھ آئے تھے اور طاقت کیساتھ جا رہے ہیں، نئے وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہیں گے اور کسی قسم کی مشکلات پیدا نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ معاہدے کے مطابق آج وزارت اعلیٰ چھوڑ رہے ہیں اور اکثریت نہ ہونے کے باوجوڈ ڈھائی سال حکومت کا موقع دینے پر نواز شریف کے شکرگزار ہیں ، پہلے سے طے تھا کہ مری معاہدے پر عمل کریں گے کیونکہ مری معاہدے کی پاسداری ہمارا اخلاقی فرض تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو یہی رویہ اختیار کرنا چاہئے، وزیراعظم نواز شریف اور ثناءاللہ زہری کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور گزشتہ اڑھائی سال کے دوران بلوچستان میں تعلیم اور امن و امان کے حوالے سے جو کام ہوئے، خواہش ہے کہ انہیں جاری رکھا جائے اور بطور اتحادی جماعت وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ پیر کے روز وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیدیں گے لیکن وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن ملاقات کیلئے آئے اور پانچ دن انتظار کرنے کو کہا جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی انتظار کرنے کو کہا اس لئے اب وزیراعظم نواز شریف کی ترکمانستان سے واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔
اس موقع پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ جمہوری نظام کو مضبوط کریں گے، طاقت کے ساتھ آئے تھے اور طاقت کے ساتھ جا رہے ہیں اور ڈھائی سالہ کارکردگی رپورٹ میڈیا کو پیش کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بلوچستان میں جس کی حکومت بھی گئی اس نے دوسروں کو الزام عائد کیا اور اپنی غلطیوں کو نہیں دیکھا تاہم آج جو حکومت تبدیل ہور رہی ہے وہ کارکردگی کی بنیاد پر جا رہی ہے اور ڈھائی سال کے عرصے میں جو کچھ بھی کیا وہ بلوچستان اور پاکستان کی بہتری کیلئے کیا جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہیں گے اور ان کیلئے کسی قسم کی مشکلات پیدا نہیں کریں گے۔