شام میں روسی فوج کے راستے میں جو بھی آئےگانیست و نابود کر دینگے ‘صدر ولادیمیر پوٹن کا ترکی کو انتباہ ,فوج کو بھی حکم دیدیا
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ شام میں روسی فوج کے راستے میں جو بھی آئے گا، اسے نیست و نابود کر دینگے ۔برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق روسی صدر ولادی میر پوٹن نےماسکو میں ڈیفنس میٹنگ کے دوران یہ بات کہی ہے ۔ولادی میر پوٹن نے ترکی کی جانب سے روسی جنگی طیارہ گرائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام میں موجود جہادی ہمارے لئے بڑا خطرہ ہیں تاہم ہماری آرمی یا انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی گروپ کو تباہ کر دیا جائے گا۔ میں روسی آرمی کو اس کے لئے حکم دیتا ہوں۔ روسی صدر نے کہا کہ روسی فوج کی جانب سے شامی افواج کو تعاون فراہم کرنے سے زمینی صورتحال تبدیل کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ روسی فوج شام میں دہشتگردوں کے خلاف لڑنے والے شامی فوجیوں کو فضائی مدد بھی فراہم کر رہی ہے ۔
یاد رہے کہ روسی طیارہ گرانے پر ترکی اور روس کے درمیان کشیدگی چلی آ رہی ہے اسی دوران عراق کے ساتھ بھی تنازعہ پیدا ہو گیا ہے، جس سے خطے میں بڑی جنگ کا شدید خطرہ لا حق ہو چکاہے۔عراقی وزیراعظم نے ترکی کو عراق سے اپنے افواج نکالنے کے لیے ڈیڈلائن دے رکھی تھی جو گذشتہ روز ختم ہو گئی جبکہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے عراق سے اپنی فوج نکالنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
