100 من ملاوٹ والا دیسی گھی، ہزاروں لٹر مضرصحت دودھ، فیصل آباد میں 10 دکانیں سِیل
فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر غیر معیاری کھانوں کے خلاف آپریشن کی وجہ سے پنجاب کے دیگر شہروں کی انتظامیہ کے بھی حوصلے بلند ہوئے ہیں اور انہوں نے بھی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔فیصل آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملاوٹ والا مضر صحت دودھ، مکھن اور دیسی گھی فروخت کرنے والی 10 دکانوں کو سِیل کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے اے بی سی روڈ پرچھاپہ مارا جہاں دکانوں پر کھاد کی ملاوٹ والا دودھ ، الاروٹ سے بنایا گیا مکھن اور ولایتی گھی سے بنایا گیا دیسی گھی برآمد کرکے 10 دکانیں سیل کردی گئیں۔ کارروائی کے دوران ہزاروں لٹر غیر معیاری دودھ اور 100 من سے زائد دیسی گھی قبضے میں لے لیا گیاہے۔
