وزیر اعلیٰ کاشتکاروں کوشوگر مافیا سے نجات دلوائیں ،کسان ویلفیئرکونسل

وزیر اعلیٰ کاشتکاروں کوشوگر مافیا سے نجات دلوائیں ،کسان ویلفیئرکونسل

فیصل آباد(بیورورپورٹ )پاکستان کسان ویلفیئر کونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے کہاہے کہ فیصل آباد ڈویژن کے چند اضلاع سمیت صوبہ کے مختلف شہروں میں بعض شوگر ملز کی جانب سے گنے کے وزن میں مبینہ کمی بیشی اور غیر قانونی کٹوتی کرکے کاشتکاروں و کسانوں کا استحصال کیاجارہاہے لہٰذا وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف مذکورہ صورتحال کافوری نوٹس لے کر کاشتکاروں کوشوگر مافیا سے نجات دلوائیں ۔میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ مذکورہ شو گر ملوں کے کنڈوں پر ما مور عملہ کسا نوں کو دو نوں ہا تھوں سے لو ٹ رہا ہے اور کسان بے چارے اپنی مالی مجبو ریوں کے باعث لٹنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ کنڈ ے پرما مور عملے کے لوگ ہر ٹرالی کاوزن کرتے وقت انتہائی مہارت کے ساتھ دس سے پندرہ من گنے کی ہیرا پھیری کرتے ہیں جبکہ کرشنگ سیزن کے باعث روزانہ پچاس ٹرالیاں ہرکنڈے پر آ رہی ہیں اس طرح 50 ٹرالیوں کو 10 من سے ضرب دی جائے تو پانچ سو من گنے کی ہیرا پھیری روزانہ ایک کنڈے پر ہو تی ہے اور پانچ سو من گنے کو ایک سو اسی روپے سے ضرب دی جائے تو یہ رقم90 ہزارروپے بنتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض مقامات پر اس رقم کی سی پی آر اپنے کسی خا ص کا رندے کے نام پر بنا کر کیش کرا لی جاتی ہے اور اگر ایک دن کی ہیرا پھیری کی رقم 90 ہزار کو30 دن سے ضرب دی جائے تو یہ رقم 27 لا کھ روپے بنتی ہے اور گنے کا سیزن تین ماہ کا ہوتا ہے اس طرح 27 لاکھ کو تین ماہ سے ضرب دی جائے تو یہ رقم 81 لاکھ روپے بنتی ہے جو ہر کنڈے کا عملہ ہر سال مذکورہ ہیرا پھیری سے اپنی جیب میں ڈالتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر100 کنڈوں کا حساب لگایا جائے تو یہ رقم 8 کروڑ 10 لا کھ روپے بنتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب بھر میں اس وقت سینکڑوں کنڈے نصب ہیں اس طرح کنڈوں کا عملہ ہر سال کسا نوں کو کروڑوں اربوں روپے کا ٹیکہ لگا رہا ہے جسے کوئی پو چھنے والا نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ دیدہ دلیری سے کسا نوں کے حق پر ڈاکہ مار رہے ہیں جبکہ بعض غیر قا نونی کٹو تیاں اس کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ قواعدوضوابط کے مطابق شو گر ملوں کیجانب سے15روز میں کسا نوں کو ادائیگی نہ کیے جانے کے باعث سی پی آر بروکر کسا نوں کو الگ لوٹ رہے ہیں ۔انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی کہ وہ مذکور ہ صورتحال کا فوری سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اس لوٹ مار سے کسانوں کو نجات دلوائیں ۔

مزید : کامرس