کوہلی کی ڈبل سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم نے 631رنز بنالئے

کوہلی کی ڈبل سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم نے 631رنز بنالئے

 ممبئی(اے پی پی) بھارت کی ممبئی ٹیسٹ پر گرفت مضبو ہوگئی، ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 231 رنز کی برتری کے ساتھ 631 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ویرات کوہلی نے شاندار ڈبل سنچری سکور کی جبکہ جیانت یادیو نے 104 رنز بنائے۔ عادل راشد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان 182 رنز بنا لئے اور اسے 49 رنز خسارے کا سامنا ہے۔ جو روٹ 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جونی بیئر سٹو 50 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ایشون اور جدیجا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔تفصیلات کے مطابق وانکھیڈے سٹیڈیم، ممبئی میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 451 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ویرات کوہلی 147 اور جیانت یادیو 30 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ان کے درمیان آٹھویں وکٹ میں 241 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی، ویرات کوہلی نے تیسری ڈبل سنچری جبکہ جیانت یادیو نے پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی، جیانت یادیو 104 اور کوہلی 235 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، اس طرح بھارت کی ٹیم 231 رنز کی برتری کے ساتھ 631 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عادل راشد نے چار جبکہ معین علی اور جو روٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ ایک کے مجموعی سکور پر گر گئی جب کیتن جینگز بغیر کوئی رن بنائے بھونیشور کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 23 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان ایلسٹر کک 18 رنز بناکر روندرا جدیجا کا شکار بن گئے۔ معین علی انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے جدیجا کی گیند پر مرلی وجے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر جو روٹ اور جونی بیئر سٹو نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور 92 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 141 تک پہنچا دیا، جو روٹ 77 رنز بنانے کے بعد جیانت یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بین سٹوکس 18 اور جیک بال 2 رنز بنا کر ایشون کا نشانہ بنے۔ اس طرح انگلینڈ نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 182 رنز پر 6 وکٹیں گنوا دیں، جونی بیئر سٹو 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ ایشون اور جدیجا نے دو، دو جبکہ جیانت یادیو اور بھونیشور کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی