نبی آخرزمان ؐکی حیات مبارکہ انسانیت کیلئے مشعل نورہے،راغب نعیمی

نبی آخرزمان ؐکی حیات مبارکہ انسانیت کیلئے مشعل نورہے،راغب نعیمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)معروف مذہبی سکالر وناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ نبی آخرزمان،سروردوکونینؐکی حیات مبارکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل نورہے۔محسن کائناتؐ کی سیرت مبارکہ پرعمل پیراہوکرہی دنیاکوامن وسلامتی کاگہوارہ بنایا جاسکتاہے۔آپؐ کوتمام جہانوں کیلئے رحمت بناکرمبعوث فرمایا گیا۔آپ ؐ پوری ا نسانیت کے لیے ہدایت و رہنمائی کے پیامبر بن کرتشریف لائے۔اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ،جس میں ہمارے تمام سماجی، معاشرتی اور معاشی مسائل کا حل موجود ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جامعہ نعیمیہ کے 67سالانہ عید میلاد النبیﷺکے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلوس سے مرکزی صدرنعیمین ایسوسی ایشن پاکستان پروفیسرعلامہ لیاقت علی صدیقی ،صدرجماعت علماء اہل سنت مفتی نعیم احمدصابری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ مفتی محمدہاشم رضوی،مفتی محمدعمران حنفی،مفتی ندیم قمر،ڈاکٹرسلیمان قادری،خالد ملک(چیئرمین یوسی 172)مفتی قیصر شہزاد نعیمی(وائس چیئرمین ) قاری محمدامیر قادری،مفتی بلال فاروق نعیمی اورمفتی سلطان علی ،جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ ،طلباء،نعیمین ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت ہزاروں افرادنے شرکت کی۔درباربی بی پاکدامن پرمقامی سیاسی وسماجی رہنماؤں نے جلوس کااستقبال کیا اورشرکاء پرپھولوں پتیاں نچھاورکیں،جلوس کے شرکاء نے مزار بی بی پاکدامن پر حاضری اور فاتحہ خوانی بھی کی۔جلوس گڑھی شاہو،کوئین میری کالج روڈ،لاہور پریس کلب،پولیس لائن،بازار درباربی بی پاکدامن،محمدنگر بازار سے گزرتاہوا جامعہ نعیمیہ میں مفتی اعظم پاکستان مفتی محمدحسین نعیمیؒ اورڈاکٹر سرفراز نعیمی کے مزار اقدس پر اختتام پذیر ہوا ۔اس موقع پرملک وقوم کی سلامتی اورامہ کودرپیش مسائل کے حل کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی۔جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر پروفیسر لیاقت علی صدیقی نے کہاکہ عید میلاد النبی ؐ موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم آپ کی سیرت طیبہ اور اسلام کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں نافذ کرینگے ۔نبی کریم ؐکا پیغام ہی انسانیت کیلئے فلاح و نجات کا واحد ضامن ہے۔مفتی نعیم احمدصابری نے کہاکہ حضور سرور کائنات کی ذات مقدس میں اللہ رب العزت نے وہ تمام صفات و کمالات، معجزات اختیارات کو جمع کردیا ہے جو پہلے انبیائے کرام کو انفرادی طور پر عطا کیے تھے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ اور رسول پاک کی اطاعت کرتے ہوئے آپ کی زندگی سنوارنا ہوگی۔