اسوہ رسولؐ پر چل کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے،عابد صدیقی

اسوہ رسولؐ پر چل کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے،عابد ...

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی کے مبارک موقع پر ہمیں سنجیدگی اور دلجمعی کے ساتھ اپنا احتساب کرنے کی ضرورت ہے۔ حضور پاک ﷺکی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ایثار و قربانی اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ اسوہ رسول پر چل کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، ملک میں لگی آگ نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا، اگر آج ہم نے فروعی اختلافات ختم نہ کئے تو تاریخ کے اوراق میں ہمارا نام تک نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے مسلمانوں کو متحد کرنے کیلئے ہم سب نے آج اپنا کردار ادا نہ کیا اور صحیح فیصلے نہ کئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔علمائے حق پاکستان کو مشکلات سے نکالنے اور فرقہ واریت کے فتنے کو ختم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نبی پاکﷺ نے ایثار، قربانی، حسن سلوک، برداشت، رواداری، اتحاد، محبت، اخوت اور بھائی چارے کا ابدی پیغام دیا ہے۔ بدقسمتی سے مسلمان یہ پیغام بھلا چکے ہیں۔ ملک میں قتل و غارت اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے فروعی اختلافات میں بٹے رہے تو ہمارا حشر دنیا دیکھے گی۔ وہ پاکستان جسے ہم سب نے مل کر اسلامی فلاحی مملکت بنانا تھا وہاں آج قتل و غارت اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔پورا ملک بدامنی کی آگ کی لپیٹ میں ہے، بدقسمتی سے مرنے والا اور مارنے والا دونوں کلمہ گو ہیں۔ آج کے روز ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہر فرد ملک خداداد پاکستان کو دنیا میں ایک فلاحی مملکت بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1