حکومت نے بنیادی چیزیں لاہور کے عوام سے چھین لی ہیں، فیصل میر
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سابق سیکرٹری اطلاعات فیصل میر نے کہا ہے کہ آج لاہور کے عوام کو سب سے زیادہ ضرورت اس چیز کی ہے کہ انہیں پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے انہیں صحت و تعلیم کی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کی جائیں اور عوام کو روٹی کپڑا اور مکان فراہم کیا جائے لیکن بد قسمتی سے حکومت نے یہ سب بنیادی چیزیں لاہور کے عوام سے چھین لی ہیں اور انہیں بنیادی چیزوں سے محروم کردیا ہے آج لاہور کے عوام مایوسی کے عالم میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو روشنی کی ایک مضبوط کرن مانتے ہوئے ان کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔فیصل میر کا کہنا تھا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں منعقد ہونے والی پارٹی کی سات روزہ تقریبات میں عوام نے شرکت کرکے حکومت کے خلاف ریفرنڈم کردیا ہے کہ وہ حکومتی پالیسوں سے تنگ آ چکے ہیں حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے چار مطالبات کو مان لے وگرنہ بلاول کی قیادت میں جو تحریک چلے گی وہ کوئی یوٹرن نہیں ہو گا بلکہ ایک فیصلہ کن تحریک ہو گی جس کے نتیجے میں حکومت کو ہمارے چئیرمین کے مطالبات کو فی الفور ماننا ہی پڑیں گے۔