طبقاتی نظام کے خاتمے اور سماجی رویوں کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے،خلیل طاہر سندھو
لاہور(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھونے کہاہے کہ حکومت پنجاب صوبہ کے 36اضلاع میں انسانی حقوق کے ڈائریکٹوریٹس اور ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لارہی ہے جس سے انسانی حقوق کی پاسداری ،اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرموثرکارروائی میں بے حد مدد ملے گی۔ طبقاتی نظام کے خاتمے اور سماجی رویوں کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ طبقاتی نظام احساس محرومی ، یاسیت اور فرسٹریشن پیدا کر کے انتہاء پسندی او ردہشت گردی کا باعث بنتاہے۔نوجوان نسل روشن مستقبل کے لئے انسانی حقوق کی پاسداری اور جبر کے خلاف مزاحمت کی علمبردار ہے۔انہوں نے یہ بات انسانی حقوق کے عالمی دن کی تقریبات کے حوالے سے الحمراء ہال میں منعقدہ آگاہی سیمینار کے شرکاء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری انسانی حقوق واقلیتی امور عاصم اقبال ، ریکٹر ایف سی کالج ڈاکٹر جیمز ٹیبی(James Tabby ) ،ایم پی اے کانجی رام ،ماہر تعلیم پروفیسر مدثر حسین سیال ، صدر فیسز(FACES ) پاکستان جاوید ولیمز کے علاوہ مختلف این جی اوز کے نمائندوں ، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں سیمینار میں شرکت کی۔وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہاکہ ذات پات اور رنگ ونسل کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو مساوی حقوق فراہم کرنے والے معاشرے ہی اقوام عالم میں اپنا مثبت تشخص قائم کرپاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں کم وسیلہ اور نادار افراد بالخصوص اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لئے موثر قانو ن سازی اوراقدامات کئے ہیں جن میں کم عمری کی شادی، خواتین پر تشدد، بچوں کے جنسی استحصال، چائلڈ اینڈ بانڈڈ لیبر کے خلاف اورجائیداد میں خواتین کو حصہ دینے کیلئے قانون سازی تاریخی اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں پانچ فیصد کوٹے کے تحت اعلی عہدوں پر ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے علاوہ انسانی حقوق سے آگاہی کے لئے سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں۔ ریکٹر ایف سی کالج ڈاکٹر جیمز ٹیبی نے کہاکہ بحیثیت انسان ہمیں تفریق اور طبقاتی استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا چاہیے کیونکہ دنیا کے تمام مذاہب میں انسانی حقوق کی پاسداری انسا نیت کی سب سے بڑی خدمت ہے۔رکن صوبائی اسمبلی کانجی رام نے کہاکہ دنیا کے ہرمذہب نے محبت اور بھائی چارے کا درس دیاہے ۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے نہتے کشمیریوں پرجاری مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ عالمی طاقتوں کو کشمیری عوام کو ان کاحق خودارادیت دینے کے لئے اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔ سیمینار سے نولکھا چرچ کے ماڈریٹر ڈاکٹر مجید ایبل، صدر فیسز پاکستان جاوید ولیم، چودھری مشتاق گل، ماہر تعلیم پروفیسر مدثر سیال اوردیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔سیمینار میں یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے بچوں نے انسانی حقوق کے حوالے سے خوبصورت علامتی کھیل اور نغمے پیش کئے۔