فیکٹری کے ویل تلے دب کر ہلاک ہونے والی خاتون سپرد خاک ، ملزم گرفتار نہ ہوسکے
لاہور(وقائع نگار)باغبانپورہ میں سریا بنانے والی فیکٹری کی مشین کا بھاری ویل ملحقہ چھت پرگر نے سے ملبے تلے دب کر ایک خاتون جاں بحق جبکہ 6زخمی ہونے کے واقع میں پولیس تاحال کسی ملزم کو نہ پکڑ سکی جبکہ متوفیہ کو گزشتہ روز اس کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا،اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے محمود بوٹی روڈ پر واقع سریا بنانیو الی فیکٹری میں دو روز قبل مشین کا بھاری ویل دھماکے سے فیکٹری سے ملحقہ گھر کی چھتوں پر جا گرا جس کے نتیجے میں تین مکان مکمل طور پر زمین بوس ہوگئے اور ایک مکان میں رہائش پذیر افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جن میں 30سالہ ارشاد بی بی جاں بحق جبکہ 6 افرادزخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔پو لیس نے موقع پر پہنچ کر کا رروا ئی کا آغاز کردیاتھا لیکن تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ۔دوسری جانب اہل علاقہ نے گزشتہ روز واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر دی ۔پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد متوفیہ کی لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا جسے بعد ازاں گزشتہ روز باغبانپورہ میں اس کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔