اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس، 26 درخواستیں پیش،متعددپرکارروائی

اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس، 26 درخواستیں پیش،متعددپرکارروائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں اوورسیز پاکستانیز کی جائیداد ، گھروں پر قبضوں اور مالی لین دین سے متعلق 26درخواستیں پیش کی گئیں ۔ انہوں نے سا ئلین کے مسائل سنے اور اُن کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں شاہین خالد بٹ وائس چےئر پرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے خصوصی طور پر شرکت کی اور میٹنگ کی کارروائی دیکھی۔اوورسیز پاکستانی عظمی قیصر نے درخواست دی کہ اُس نے خیابان امین میں 2011میں ایم بلاک میں 106گھربک کروایااور49لاکھ اور 90ہزار روپے بھی ادا کردئیے ہیں مگر خیابان امین کی انتظامیہ نہ تو گھر کا قبضہ دے رہی ہے اور نہ ہی رقم واپس کر رہی ہے ۔ کمیٹی نے دونوں فریقین کو سنا اور انہیں معاملہ باہمی اتفاق سے حل کرنے کی ہدایت کی ۔ دونون فریقین اس بات پر متفق ہوگئے کہ خیابان امین کی انتظامیہ اوورسیز پاکستانی عظمی قصیر کو متبادل پلاٹ اور 8ماہ میں گھر تعمیر کروا کر دے گی ۔ اسی طرح اوورسیز پاکستانی لیاقت علی نے درخواست دی کہ اس نے لیاقت علی کو اٹاری میں واقع پلاٹ کرائے پر دیا مگر اب وہ کرایہ بھی ادا نہیں کر رہا اور نہ ہی جگہ خالی کر رہا ہے۔ کمیٹی نے دونوں فریقین کو وقت دیا کہ وہ معاملہ باہمی اتفاق سے حل کرلیں ۔ کرایہ دار لیاقت علی اس بات پر متفق ہوگئے کہ وہ جگہ 4ماہ میں اپنی مشینری اُٹھا لے گا اور قبضہ دیدے گا۔ اوورسیز پاکستانی فیصل حسین نے کہا کہ اس نے پیکو کالونی ملتان روڈ میں واقع اپنا گھر محمد شریف کو کرائے پر دیا ہے وہ نہ تو گھر خالی کر رہا ہے اور نہ ہی کرایہ دے رہا ہے۔ کمیٹی نے فریقین کا موقف سنا اور محمد شریف نے کہا کہ وہ تین دن میں گھر خالی کرکے قبضہ فیصل حسین کو دے دے گا۔وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن شاہین خالد بٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کی کمیٹی کے کام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سی سی پی او لاہور اوورسیز کی شکایات کے ازالے کیلئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور دوسرے اضلاع کی نسبت لاہور کی کمیٹی تارکین وطن کے مسائل حل کرنے میں پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں موصول ہونے والی 6ہزار سے زائد شکایات میں سے 50فی صد کا ازالہ کیاجاچکا ہے ۔ اجلاس میں اے ڈی سی (آر)طاہر فاروق ، ریونیو آفیسر ایوب بھٹی ، ڈائریکٹر ایڈمن او پی سی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -