قربانیاں پیپلز پارٹی دیتی ہے ’’ لڈو‘‘ رائیونڈ والے کھاتے ہیں، اعتزاز
لاہور( اے این این )پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ قربانیاں پیپلز پارٹی دے اور لڈو رائے ونڈ والے کھائیں یہ اب نہیں ہوگا ٗ مزید قربانیاں نہیں دینگے ٗاب پاناما والوں کی قربانی ہوگی۔اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چار بنیادی اصول تھے۔ہم نے عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، پاکستان کو جمہوری وفاقی پارلیمانی آئین دیا، مزدوروں کو حقوق دیئے، سیاست کو ڈرائینگ روموں سے نکال کر چوکوں میں لائے عوام کو سیاسی شعور دیا۔ہمارے قائد کو جھوٹے مقدمے میں شہید کیا گیا اس کے بعد بے نظیر بھٹو نے علم اٹھایا ان کی شہادت کے بعد پانچواں اصول شہادت ہماری منزل وضع ہوا۔کسی دوسری جماعت نے اتنی شہادتیں نہیں دیں جتنی ہماری ہیں۔ لیکن اب اور شہادت نہیں دے سکتے۔ہم نے بلاول کی جان کا تحفظ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قربانیاں پیپلز پارٹی دیتی ہے جبکہ ’’ لڈو‘‘ رائے ونڈ والے کھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شریفوں نے دنیا کے امیر ترین حکمرانوں سے تعلقات بنائے ہیں 2000ء میں لبنانی وزیر اعظم حریری انہیں بچانے آیا اور آج قطری شہزادہ آتا ہے یہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر دنیا کے مخصوص بااثر خاندانوں کے تعلقات اور گٹھ جوڑ کرتے ہیں۔
اعتزاز احسن