ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیز کے معاملات میں بے جا مداخلت کر رہا ہے،محبوب حسین
لاہور(خبرنگار) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین اور پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ساجد رشید احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیز کے معاملات میں بے جا مداخلت کر رہا ہے۔ اور یونیورسٹیوں کی خدمختاری کو متاثر کر رہا ہے۔ اساتذہ رہنماوں نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ہائر ایجوکیشن کا کردار محدود ہو گیا ہے اور صوبائی خدمختاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرکہ مفادات کونسل نے بھی اپنی سفارشات میں ا س بات کی وضاحت کی ہے کہ ہائر ایجوکیشن صوبائی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے ایک حالیہ فیصلے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے پنجاب کی 11یونیورسٹیوں میں تشویش کی لہر دوڈ گئی ہے ۔انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ جب پنجاب حکومت عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل میں جائے گی تو صوبائی تحفظات دور ہونگے اور 11جامعات کے اساتذہ کی تشویش ختم ہوگی۔