وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی رحمۃاللعالمین حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد
لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رحمۃاللعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے اور اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خاتم الانبیاء، محسنِ انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت تاریخِ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے اور اللہ تعالی نے حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ۔نبی پاک ؐ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کے لئے مشعل راہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نبی پاکؐ کی ولادت کا مبارک و بابرکت دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے اور بلاشبہ محسن انسانیت حضرت محمد ؐ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے ہیں ۔ حضور پاکؐ کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر ہی معاشرے سے ظلم و زیادتی ، نا انصافی اور بد امنی کا خاتمہ ممکن ہے اور بنی نوع انسان کی کامیابی کا راز پیغمبر اسلامؐ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہونے میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتِ اسلامیہ کو اقوام عالم میں جو منفرد حیثیت حاصل ہے، اس کی بنیاد رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے نسبت ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ ؐ نے اپنے عمدہ اخلاق کے ذریعے جہالت و ظلمت میں ڈوبے ہوئے عرب معاشرہ میں انقلاب برپا کر دیااور حق و انصاف کا پرچم بلند کرکے ایک پرامن اور مہذب معاشرے کی بنیاد رکھی اور عرب معاشرے کی کایا پلٹ دی جس کی تاریخ عالم میں کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی۔
مبارکباد