حکمران بغلیں نہ بجائیں چیف جسٹس کی تبدیلی سے حقائق نہیں بدلیں گے ،علیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمران اور ان کے حواری بغلیں نہ بجائیں چیف جسٹس کی تبدیلی سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے ساری قوم جانتی ہے کہ پاکستان میں کرپشن ، ہارس ڑٹریڈنگ اور کمیشن مافیا کے بانی کون ہیں ؟ اور سیاست میں پیسہ کس نے متعارف کرایا ؟عبدالعلیم خان نے کہا کہ نوازلیگ خاطر جمع رکھے پاناما لیکس پر ان کی جان نہیں چھو ٹے گی اور قومی دولت لوٹنے والوں کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا۔ عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی چئیرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع کے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف عملی طور پر جدوجہد کر کے قومی فریضہ ادا کیا ہے جس سے کرپشن مکمل طورپر آشکار ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے قومی ادارے بھی کرپٹ مافیا کا حصہ بن چکے ہیں جس کے باعث کرپشن کو بے نقاب اور ختم کرنے کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے لیکن تحریک انصاف نا اہلوں کے خلاف ہر سطح پر جدو جہد جاری رکھے گی اور ملک کو صاف اور شفاف نظام دینے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو کر رہے گا ۔