طاہر اشرفی پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین ،زاہد قاسمی سیکرٹری جنرل منتخب

طاہر اشرفی پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین ،زاہد قاسمی سیکرٹری جنرل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ ،عاملہ ،چاروں صوبوں، گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیر کے اراکین نے متفقہ طور پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو مرکزی چیئرمین اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کو مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی ناظم انتخابات مولانا محمد ایوب صفدر نے فیصل آباد میں نومنتخب چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے اراکین نے منشور اور ضابطہ کے مطابق اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین کیلئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور مرکزی سیکرٹری جنرل کیلئے صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کو منتخب کیا ہے جبکہ وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم،مولانا ایوب صفدر،ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو،سیکرٹری امور خارجہ محمد طلحہ کشمیری،فنانس سیکرٹری مولانا اسد اللہ فاروق ہوں گے جبکہ سیکرٹری اطلاعات اور سالار کے عہدوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی اور دیگر نومنتخب عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ایک سیاسی مذہبی اور فلاحی جماعت ہے ۔ہماری جدوجہد پاکستان کو ایک پر امن اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ جس میں تمام طبقات ،تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں کو آئین پاکستان کے مطابق حقوق حاصل ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل آئندہ انتخابات میں بھر پورانداز حصہ لے گی ۔پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے محراب ومنبر کے وارثوں کو میدان میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام 19نومبر کو ’’بیداری مسلم مہم‘‘ کا آغاز ہوچکا ہے اور 32سے زائد شہروں میں انتہاپسندی ،دہشت گردی ،فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف اورامت مسلمہ کے مسائل سے آگاہی کیلئے اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت یکم مارچ 2017 ؁ء کو دوسری سالانہ عالمی پیغام اسلام کانفرنس کنونشن سنٹراسلام آباد میں منعقد ہوگی ۔ 17دسمبر کو لاہور میں سیرت خاتم الانبیاء کانفرنس اور 18دسمبر کو’’ یوم فروغ زبان عربی ‘‘منایا جائے گا اور اسلام آباد میں ’’لسان رحمۃ اللعالمین ؐ کا نفرنس منعقد ہوگی۔

مزید :

صفحہ آخر -