سسٹم میں گیس کی اچانک قلت سوئی سدرن کا سندھ بھر میں سی این جی سٹیشن بند کرنے کا اعلان
کراچی ( آن لائن) سوئی سدرن نے گیس کی قلت کے باعث دوپہر 12 بجے سے رات 12 بجے تک سندھ بھر کے سی این جی سٹیشن فوری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ ان کے سسٹم میں اچانک گیس کی قلت پیدا ہو گئی ہے تاہم اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ گیس کی قلت کے باعث دوپہر 12 بجے سے رات 12 بجے تک سندھ بھر میں سی این جی سٹیشن بند رہیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی این جی کی بندش عیدمیلاد النبیﷺ کے انتہائی پرنور موقع پر گئی ہے جب صوبہ بھر میں عوام نے جشن منانے کیلئے بہت سے انتظامات کر رکھے ہیں۔ اس موقع پر لوگوں کی جانب سے محافل کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے اور دیگر معاملات بھی ہوتے ہیں لیکن سی این جی کی بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔