آصف علی زرداری کا خیبر پختونخوا کی سابق رکن صوبائی اسمبلی بیگم شہزادی سلیمان کے صاحبزادے کی وفات پر افسوس کا اظہار
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا کی سابق رکن صوبائی اسمبلی بیگم شہزادی سلیمان کے صاحبزادے کی وفات پر دلی رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیگم شہزادی سلیمان پارٹی کی سنٹرل ایکزیکٹو کمیٹی کی رکن بھی ہیں جن کے بیٹے کا انتقال ہفتہ کے روز پشاور میں ہوا اور ان کے آبائی علاقے چترال میں ان کی تدفین ہوئی۔ سابق صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ عمررسیدہ والدین کے لئے جوان اولاد کی وفات ایک انتہائی تکلیف دہ ہے جس کا درد صرف والدین ہی محسوس کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیگم شہزادی سلیمان کے دردوغم کو الفاظ کم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ان کے جذبات بیگم شہزادی سلیمان اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ سابق صدر زرداری نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔