صوبائی وزیر کا ڈسٹرکٹ ہسپتال جھنگ کا اچانک دورہ ،اہلکار معطل

صوبائی وزیر کا ڈسٹرکٹ ہسپتال جھنگ کا اچانک دورہ ،اہلکار معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے اتوار کے روزڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جھنگ کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے ایمر جنسی وارڈ،میڈیکل اورسی سی یوکا معائنہ کیا اورہسپتال کے میڈیکل سٹور میں ادویات کا سٹاک چیک کیا۔ شعبہ ایمر جنسی میں سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عمران ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے جبکہ ایمر جنسی وارڈ کے ادویات کے مین سٹورکو تالا لگا ہوا تھا جبکہ ڈسپنسر ناصر بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا۔صوبائی وزیر نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسپنسر کو فوری طور پر معطل کرنے اور غیر حاضرسینئر میڈیکل آفیسر کے خلاف انکوائری ہولڈ کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈی سی او جھنگ غازی امان اللہ اور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اظہر بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔شعبہ ایمرجنسی کے معائنہ کے دوران لیبارٹری بھی بند تھی جس کے بارے میں بتایا گیا کہ اتوار کی وجہ سے ڈائیگناسٹک لیبارٹری بند ہے۔اس موقع پر مریضوں نے شکایت کی کہ وہ مارکیٹ سے اپنے ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔مزید براں سی سی یو میں پانچ کارڈیک مانیٹر ز میں سے دو خراب پائے گئے۔انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے رخصت پر ہونے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اوجھنگ کوہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام معاملات کے بارے میں فوری طور پر انکوائری کی جائے اوراس بات کی بھی تصدیق کی جائے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحریری طور پر چھٹی لے کر گئے ہیں یا نہیںٖ؟خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ تمام صورتحال کے بارے میں تحقیقات کرکے چوبیس گھنٹے میں انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -