بابو صابو انٹر چینج، تیز رفتار ڈمپر نے مسافر وین روند ڈالی، ماں بیٹے سمیت 4جاں بحق، 11شدید زخمی

بابو صابو انٹر چینج، تیز رفتار ڈمپر نے مسافر وین روند ڈالی، ماں بیٹے سمیت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(وقائع نگار )شیراں کوٹ کے علاقہ بابو صابو انٹر چینج کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے سواریوں سے بھری ویگن کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 11افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال میں طبی ماداد دی جا رہی ہے ۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پو لیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ،زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے جناح اور سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پر 6افرادکی حالت نازک بیان کی جا تی ہے جبکہ ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ پو لیس نے واقعہ کا مقد مہ درج کر تے ہوئے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ شیرا کوٹ کے علاقہ بابو صابو انٹر چینج کے قریب گزشتہ روز رات 8بجے کے قریب ایک نجی کمپنی کے ڈمپر نے تیز رفتاری میں بے قابو ہو کر سواروں سے بھری ویگن کو ٹکر مار دی جس کے باعث ویگن میں موجود 15افراد جن میں خواتین اوربچے شامل تھے شدید زخمی ہو گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق ڈمپر ڈرائیور تیز رفتاری کی وجہ سے ڈمپر پر قابو نہ پا سکا جس کی وجہ سے مخالف سمت سے آنے والی ویگن سے جا ٹکرایا ۔ٹکڑ اس قدر شدید تھی کہ ویگن کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ و یگن میں موجود کئی افراد سڑک پر آ گرے۔ٹکڑ کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت ویگن میں موجود افراد کو باہر نکالنے کی کوشش کی اور ریسکیو 1122کو اطلاع دی گئی ۔ریسکیو 1122کے پہنچنے سے قبل مقامی افراد نے 4نہایت تشویشناک حالت میں زخمی افراد کو سروسز ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ بعد ازاں ریسکیو ٹیم نے باقی ماندہ زخمیوں کو جناح اور سروسز ہسپتال میں منتقل کیا۔زخمیوں میں سے ویگن کا ڈرائیور جس کا نام ارشد اور ایک سواری جس کا نام محمد رحمان بتایا جاتا ہے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو ماں بیٹا راستے میں جاں بحق ہو گئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق 11زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے 6کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔اہل علاقہ اور عینی شاہدین کے مطابق پولیس جائے وقوعہ پرایک گھنٹہ کی تاخیر سے پہنچی جس کی وجہ سے نہ صرف ڈرائیور فرار ہو گیا بلکہ اہم شواہد بھی ضائع ہو گئے۔پولیس کے مطابق ڈمپر کی تفصیلات لے لی گئی ہیں اور اس کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ متوفین کے ورثا سے رابطہ کرنے کیساتھ ساتھ ڈمپر کی مالک کمپنی سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے ۔پولیس کے مطابق تیز رفتاری میں ڈمپر موٹر وے سے آ رہا تھا کہ اس کی بریک فیل ہو گئی اور حادثہ پیش آ یا ہے۔اس حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -