دنیا بھر کے مسلمان پر بدترین مظالم کیخلاف عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے: حافظ سعید

دنیا بھر کے مسلمان پر بدترین مظالم کیخلاف عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی )امیرجماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاہے کہ دنیا میں نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردارممالک ہی سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہیں۔کشمیر، فلسطین و دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں پرڈھائے جانے والے بدترین مظالم پر حقوق انسانی کے عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔پوری پاکستانی قوم کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔15دسمبر کو مظفر آباد ہونے والی کانفرنس میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ سیاسی، مذہبی وکشمیری قیادت کی طرف سے دنیا کومتفقہ طور پر مضبوط پیغام دیا جائے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے تیار کئے گئے قانونی مسودہ میں متفقہ طور پر یہ باتیں طے کی گئی تھیں کہ ہر انسان کو آزادی کے ساتھ جینے کا حق ہو گا اور وہ اپنی مرضی کے مطابق رہن سہن اختیار اور آزادی کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کرسکے گا۔ اسی طرح کوئی ملک جنرل اسمبلی کا ممبر ہو یا نہ ہو ان سب کو کم از کم ان وضع شدہ انسانی حقوق کا تحفظ کرنا لازمی ہوگالیکن آج ہم دیکھتے ہیں کہ کشمیر، فلسطین، افغانستان اور برما اراکان سمیت پوری دنیا میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ ہر جگہ مسلمانوں کو تختہ مشق بنایا جارہا ہے۔ایک طرف ان کی عزتیں و عصمتیں، جانیں اور املاک محفوظ نہیں ہیں تو دوسری طرف مساجدومدارس کو سرکاری سرپرستی میں شہید کیا جارہا ہے اوراسلامی شعائر کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔ اگر بغور جائزہ لیاجائے تو دنیا بھر میں انسانی حقوق کا ڈھنڈورا پیٹنے والے ہی اس کی دھجیاں بکھیرنے میں سب سے پیش پیش ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -