پاک فوج میں اعلٰی سطح پر تقرو تبادلے،ڈی جی آئی ایس آئی اور آئی ایس پی آر تبدیل
راولپنڈی(خصوصی رپورٹ) پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کردیئے گئے جس کے تحت ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی رینجرز سندھ اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھی نئی تقرریاں کردی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کردیئے گئے ہیں جس کے تحت ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لگا دیا گیا ہے، حال ہی میں میجر جنرل کے عہدے سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کردیا گیا ہے جب کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کو انسپکٹر جنرل آرمز جی ایچ کیو تعینات کیا گیا ہے۔عاصم سلیم باجوہ کو جون 2012 میں ڈی جی آئی ایس پی آر بنایا گیا تھا جبکہ انہیں ستمبر 2015 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈر پشاور کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے جس کے تحت کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ کو نئے کورکمانڈر پشاور کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جب کہ ہدایت الرحمان کو آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن تعینات کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز آئی جی سی اینڈ ٹی آئی، لیفٹیننٹ جنرل قاضی اکرام چیف آف لاجسٹک مقرر کیے گئے ہیں جب کہ میجر جنرل سے لیفٹیننٹ جنرل بننے والے آئی جی ایف سی بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل شیرافگن کو کورکمانڈر بہاولپور لگادیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف کو چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) تعینات کیا گیا ہے جب کہ ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بطور ڈی جی ایف ڈبلیو او کام کرتے رہیں گے۔