حق خود ارادیت کے بغیر کشمیر کا کوئی قبول نہیں کیا جائے گا :سردار مقصود الزماں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کشمیر کی آزادی اور بھارتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عوام، میڈیا اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کردار ادا کریں۔ کشمیری پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستانی میڈیا میں انہیں نظر انداز کرنا پاکستان دشمنی کے مترادف ہے۔ بھارتی مظالم، کشمیریوں کی نسل کشی، معاشی قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تنازعہ کشمیر حل نہ ہوا تو جنوبی ایشیاء میں ایٹمی جنگ ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جموں وکشمیر کل جماعتی کشمیر کمیٹی برائے حق خود ارادیت سندھ کے تحت اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے آزاد کشمیر وگلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی، سماجی اور صحافی شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے آزاد کشمیر کے سیاسی رہنما سردار مقصود الزماں، عبدالرشید ڈار، معمر بزرگ سیاستدان اور سماجی کارکن ڈاکٹر محمد یعقوب، عبدالحمید خان، میر حیدر، سیاسی وسماجی شخصیات میں خطاب کرنے والوں میں عبدالجبار ناصر، نوید ملک، عبدالحمید مغل، خلیل ایڈووکیٹ، نوید اشرف، خواجہ عبداللہ اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرے کے شرکاء شہر کے مختلف علاقوں سے مختلف رہنماؤں کی قیادت میں جلوسوں کی قیادت کرتے ہوئے کراچی پریس کلب پہنچے۔ مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم کشمیریوں کے حق اور بھارتی درندگی کے خلاف نعرے اور عبارات درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے معمر بزرگ سماجی کارکن ڈاکٹر محمد یعقوب نے کہا کہ کراچی میں مقیم مقبوضہ وآزاد کشمیر کے شہریوں نے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر یہ بات ثابت کردی ہے کہ کشمیر کے لیڈر خان محمد خان کے مطابق آزاد کشمیر کے کشمیری اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری جب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر آزادی کی تحریک شروع کریں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ا نہیں آزادی سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے سیاسی رہنما کشمیر کی لائن آف کنٹرول کو توڑنے کے لئے عالمی برادری پر دباؤ ڈالیں اور اپنا حق آزادی چھین لیں۔ عالمی برادری میں بھی کشمیر کی آواز سننے کے لئے کشمیری سیاسی رہنماؤں کو نمائندگی دی جائے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری کی آزادی کے لئے پوری کشمیری قوم متحد ہے۔ 6 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم جاری ہے جبکہ بھارت کنٹرول لائن پر کشمیریوں کا معاشی قتل کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران وادی کشمیر عملاً ایک جیل کی شکل اختیار کرگئی ہے۔ بدقسمتی سے اقوام متحدہ، اسلامی سربراہی کانفرنس، سارک ممالک اور دیگر کے دیگر ادارے بھارتی درندگی اور ظلم وستم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت اقوام عالم نے خود دیا ہے اور یہ کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وطن کی آزادی کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ جنوبی ایشیاء میں امن صرف مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی قوت ہم پر اپنا قبضہ یا کوئی حل مسلط نہیں کرسکتی ہے۔ مقررین نے پاکستانی میڈیا کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو پاکستانی سیاسی قیادت اور میڈیا کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو نظر انداز کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ یک نکاتی ایجنڈے کے تحت پوری دنیا میں ریاست جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والی تمام قوتیں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔ مظاہرے میں ایک کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔