جس علاقے میں جارہا ہوں وہاں مسائل کے انبار ہیں، وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مےئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سرجانی ٹاؤن کی مرکزی شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ علاقے میں سیوریج کے مسائل ہیں اور یہاں کے مکینوں کو پبلک ٹرانسپورٹ بھی میسر نہیں، یہ بات انہوں نے سرجانی ٹاؤن کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی اظہار احمد خان، ضلع وسطی کے چےئرمین ریحان ہاشمی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ یہ مرکزی سڑک کے ڈی اے کے زیر انتظام ہے جس کی تعمیر کے لئے کے ڈی اے سے بات کی جائے گی جبکہ سیوریج کے مسائل حل کرنے کیلئے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے مینیجنگ ڈائریکٹر سے بات ہوئی ہے ، انہوں نے ترجیحی بنیادوں پران مسائل کو حل کرنے کے لئے کہا ہے مےئر کراچی نے کہا کہ سرجانی ٹاؤن کے علاقوں میں سو روزہ صفائی مہم کے سلسلے میں کام جاری ہے اور منتخب بلدیاتی قیادت اس علاقے کے بلدیاتی مسائل کو حل کرے گی، انہوں نے علاقے میں قائم ہونے والی تجاوزات کا بھی نوٹس لیا، ایگزیکٹو انجینئر سرجانی کو ہدایت کی کہ علاقے میں تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں اور جو تجاوزات قائم کی گئی ہیں انہیں محکمہ انسداد تجاوزات کے ایم سی کے عملے کے توسط سے مسمار کیا جائے مےئر کراچی نے وہاں موجود لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ محدود اختیارات کے باوجود لا محدود جذبے کے ساتھ کراچی سے کچرا صاف کرنے، سڑکوں کی حالت بہتر کرنے سمیت دیگر بلدیاتی مسائل حل کرنے کیلئے بھر پور کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ شہری ہر آنے والے دن شہر میں بہتری محسوس کریں گے، انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے ہمارا ساتھ دیں ہمارے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ بلدیاتی قیادت ان مسائل سے نمٹ سکے، انہوں نے کہا کہ جس علاقے میں جارہا ہوں وہاں مسائل کے انبار ہیں لیکن ہم ہمت نہیں ہارے گے شہر کو ایک بار پھر صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔