وزیر اعلیٰ جرما کی زمینوں کے انتقالات کی سمری کی جلد منظوری دے دیں گے :امتیاز قریشی

وزیر اعلیٰ جرما کی زمینوں کے انتقالات کی سمری کی جلد منظوری دے دیں گے :امتیاز ...

پشاور )سٹاف رپورٹر(خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ جرما کی زمینوں کے انتقالات پر سے پابندی ہٹانے کی سمری کی متعلقہ فورم نے منظوری دے دی ہے اور اسے بہت جلدوزیر اعلیٰ کی منظوری کے لئے بھجوادی جائے گی جس سے یہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ دے کران پرجس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس کا جواب حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کر کے دے رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج ان کے حلقہ کے ہر یونین کونسل میں کروڑوں روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔وہ اتوار کے روز اپنے حلقہ نیابت پی کے 39کے علاقہ جرما ضلع کوہا ٹ میں زیرو پوائنٹ پر نکاسی آب کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر ضلع کونسل میں اپوزیشن لیڈر نسیم آفریدی ،تحصیل کونسلر ضمیر گل، تحصیل کونسلر غنچہ گل ، ملک تاج محمداور بشیر خان نے بھی خطاب کیا اور علاقے کے مسائل کو اجاگر کیا۔وزیر قانون نے اس موقع پرجرمااور شاہ پور یونین کونسلوں کے لئے علیحدہ علیحدہ سٹینڈرڈائزڈگرلزسیکنڈری سکولوں کے قیام کے علاوہ زڑہ میلہ اور عید گاہ روڈز کی تعمیرکا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ان کے حلقہ نیابت کے مختلف منصوبوں کے لئے 7کروٖڑ روپے ریلیز کئے جا چکے ہیں۔ امتیاز قریشی نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی بے لوث خدمت ان کا مشن ہے جس کے لئے وہ شبانہ روز کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض عناصر جرما ،سور گل اورملحقہ علاقوں کو رائیلٹی فنڈ سے پہلے سے منظورکردہ گیس منصوبوں پراپنا سیاسی دکان چمکانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن عوام باشعور ہیں اور انہیں ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وہ جس مقام پر ہیں یہ صرف حلقہ کے عوام کی محبت کا نتیجہ ہے انشاء اللہ وہ عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے اوراگلے انتخابات میں کارکردگی کی بناء پر اپنے عوام کا سامنا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد عوام خود بخودایک واضح تبدیلی محسوس کریں گے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول