وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا تھانہ کوتوالی کا اچانک دورہ

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا تھانہ کوتوالی کا اچانک دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور ) پاکستان نیوز( وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے تھانہ کوتو الی تحصیل پشاور کا اچانک دورہ کیا اور بغیر ایف آئی آر کے ایک ملزم کو غیر قانونی طور پر تھانے میں حبس بے جا میں رکھنے اور اس پر تشدد کرنے پر ایس ایچ اور سمیت دیگر اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے آج تھانہ کوتوالی پشاورکا اچانک دورہ کیا۔ جہاں پر انہوں نے جگہ جگہ پولیس کے غیر قانونی ناکوں اور سڑک بند ہونے اور ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات پیش آرہی تھیں۔ وزیراعلیٰ نے اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان غیرقانونی ناکوں کو فور ی طور پر ہٹانے کا حکم دیا جس پر علاقے کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی زندہ باد اور پرویز خٹک زندہ باد کے نعرے لگائے۔ لوگوں نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بتایا کہ تھانے میں ایک ملزم کو بغیر ایف آئی آر کے غیر قانونی طور پر رکھا گیا ہے اور اس پر بے تحاشہ تشدد کیا گیا ہے جس پر وزیراعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی کو تھانے بلا کرریکارڈ چیک کروایا اورملزم کو پیش کیا گیا جس پر تشدد کے نشانات پائے گئے ملزم نے بتایا کہ اس کی آنکھ بند کرکے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔واضح رہے کہ ملزم پر لیپ ٹاپ چوری کا الزام تھا ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے تھانے کار یکارڈ بھی چیک کیا اور حوالاتیوں سے تھانے میں ہونے والے سلوک کے بارے میں بھی پوچھا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس تھانے کے عملے کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کو بے لگام نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔پولیس کو چیک اینڈ بیلنس دیا گیا عوام کو ریلیف دیں انہیں اختیارات اسلئے نہیں دیئے کہ وہ بغیرثبوت ، بغیر ایف آئی آر اُن پر تشدد کریں اور انہیں زدوکوب کریں ۔ہم تھانے میں تشدد اوراختیار ات کے غلط استعمال کے خلاف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملزموں پر تشدد کی بجائے ثبوت کی بنیاد پر سلوک کرنے کیلئے پولیس کو اختیار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جو بھی غیر قانونی کام کرے گا اُس کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم تھانوں میں عوام کو عزت دینے ، ریلیف دینے اور اُنہیں انصاف فراہم کرنے کیلئے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں تھانوں کو عوام دشمن بنا یاگیا تھا جبکہ آج تھانہ کلچر کوعوام دوست بنایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے پولیس کا اختیارات دے کر طاقتور بنایا کیونکہ ہم تھانے میں غریب کو عزت دینا چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ ایم پی اے شوکت یوسفزئی ، سی سی پی او طاہربھی موجودتھے۔