تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،حبیب الرحمان
پشاور ) پاکستان نیوز(خیبر پختونخوا کے وزیر زکواۃ ، اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے لہذا اساتذہ اور والدین نہ صرف اپنے بچوں کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر بھر پور توجہ دیں بلکہ ان کی کردار سازی بھی کریں تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے کے مفید او رکارامد شہری ثابت ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ہفتہ کے روز گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول گاگرہ ضلع بونیر میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حاجی حبیب الرحمان نے کہا کہ انہو ں نے منتخب نمائندہ ہونے کی حیثیت سے پہلے بھی ضلع بونیر میں اربوں روپے کے ترقیاتی پراجیکٹس کا اجراء کیا تھا اور آئندہ بھی مذکورہ ضلع کی پسماندگی دور کرنے کے لئے پوری ذمہ داری کیساتھ بلاامتیاز خدمت کرتے رہیں گے ۔انہو ں نے یونیورسٹی آف بونیر کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پر کروڑوں روپے کی لاگت آئے گی جس میں میرٹ پر ماہرین تعلیم کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی اور انشاء اﷲ یونیورسٹی آف بونیر قومی اور صوبائی سطح پر ایک عظیم الشان تعلیمی درس گاہ ہو گی ۔ انہو ں نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول گاگرہ کے پرنسپل اور اساتذہ کو بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں دیگر تعلیمی ادارے بھی اس کی پیروی کرتے ہوئے اپنی کارکردگی مثالی بنائیں گے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے اور انھیں مبارک باد دی اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اپنی تعلیمی سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دیں گے اور بہترین نتائج حاصل کریں گے۔