بھارتی وزیر داخلہ دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں‘ میلی نگاہ ڈالی تو انڈیا کا وہ حشر ہوگا کہ رہتی دنیا تک یا د رہے گا: حافظ سعید
لاہور( آئی این پی)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے ہندوستانی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی طرف سے پاکستان کے دس ٹکڑے کرنے کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں‘ پاکستان کی طرف میلی نگاہ ڈالی تو پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر انڈیا کا وہ حشر کرے گی کہ رہتی دنیا تک یا د رکھا جائے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مودی سرکاراور اس کے وزراء کی پاکستان کو کھلی دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں ہیں۔ راجناتھ سنگھ جیسے وزراء پاکستان کے ٹکڑے کرنے کی باتیں کر کے اپنی شکست خوردہ فوج کو حوصلہ دینا چاہتے ہیں لیکن یہ طفل تسلیاں اب کسی کام نہیں آئیں گی۔ کشمیریوں کی مضبوط جدوجہد آزادی کے نتیجہ میں ہندوستان کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہو گا اور صرف کشمیر ہی آزاد نہیں ہو گا بلکہ اس کی دیگر ریاستیں بھی بکھر جائیں گی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارتی حکام کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ یہ 1971ء والا پاکستان نہیں ہے۔ یہ ملک اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے اور افواج پاکستان اور غیور عوام وطن عزیز پاکستان کیخلاف جارحیت کرنے والوں کو ناکوں چنے چبوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو بھارتی وزیر داخلہ کی ہرزہ سرائی پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے واضح پیغام دینا چاہیے کہ وہ کنٹرول لا ئن پر نہتے شہریوں پر فائرنگ جیسی گھٹیا حرکتوں سے باز رہے وگرنہ اس کی دہشت گردی کا ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور پھر اسے اپنا وجود برقرار رکھنا بھی مشکل ہو جائے گا۔